لکھنؤ، 5؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے گورنر رام نائیک نے وزیر اعلی اکھلیش یادو سے عصمت دری کے ملزم گایتری پرجاپتی کو کابینہ میں برقرار رکھنے کا جواز جاننا چاہا۔گورنر ہاؤس کے ایک ترجمان کے مطابق ،گورنر نے وزیر اعلی کو لکھے خط میں کہا کہ سپریم کورٹ نے کابینہ وزیر گایتری پرجاپتی کے خلاف اجتماعی آبروریزی کے الزام کا نوٹس لیاہے ، ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔گورنر نے کہاکہ اس طرح کے وزیر کے کابینہ میں بنے رہنے اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کئے جانے سے جمہوری شفافیت ، آئینی وقار اور آئینی اقدار پر سنگین سوال کھڑے ہوتے ہیں ۔ترجمان کے مطابق ،خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی پرجاپتی کے کابینہ میں بنے رہنے کے جواز پر اپنے رخ سے انہیں جلد از جلد واقف کرائیں۔نائیک نے کہا کہ میڈیا میں آئی خبروں کے مطابق ،فرار چل رہے کابینی وزیر کے بیرون ملک فرار ہوجانے کے خدشہ کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے ان کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کیا ہے، پاسپورٹ افسر کی طرف سے ان کا پاسپورٹ بھی معطل کر دیا گیا ہے، پرجاپتی کے ریاستی حکومت میں کابینی وزیرجیسے ذمہ دار عہدے پر رہتے ہوئے مبینہ طور پر کیا گیا جرم انتہائی سنگین نوعیت کا واقعہ ہے۔گورنر نے اپنے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ اخبارات اور مختلف الیکٹرانک میڈیا چینلوں کے ذریعہ معلوم ہوا ہے کہ خود وزیر اعلی نے بھی عوامی طور پر کہا ہے کہ پرجاپتی کو بلا تاخیر سرینڈر کر دینا چاہیے ۔خط میں آگے کہا گیاہے، لیکن جیسا کہ معلوم ہوتا ہے کہ پرجاپتی نے ابھی تک سرینڈر نہیں کیا ہے، بلکہ وہ مسلسل فرار چل رہے ہیں اور ان کے بیرون ملک فرار ہو جانے کا خدشہ ہے۔گورنر نے کہا کہ اخبارات میں آئی خبروں کے مطابق ،فرار چل رہے ملزم وزیر پرجاپتی کی گرفتاری کے لیے پولیس ان کے ٹھکانوں پر مسلسل چھاپے ماری بھی کر رہی ہے۔